• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: شمالی اور مشرقی ریاستوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 50 افراد ہلاک

بھارت کی شمالی اور مشرقی ریاستوں میں تین روز سے جاری شدید بارشوں  کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے مختلف حادثات میں 50 افراد ہلاک ہوگئے۔

مون سون بارشوں سے سیکڑوں دیہات ڈوب گئے، جبکہ مکانات سیلابی ریلوں میں بہہ گئے، متاثرہ دیہاتوں کے رہائشی پانی میں پھنس گئے۔

بھارتی حکام کے مطابق ریاست ہماچل پردیش میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے تین روز میں 36 افراد ہلاک ہوئے جبکہ ریاست اتراکھنڈ میں 4 افراد ہلاک ہوئے اور 13 سیلابی ریلے میں بہہ کر لاپتہ ہوگئے۔

ریاست اوڑیسہ میں بارشوں سے مختلف حادثات میں 6 افراد ہلاک ہوئے۔ بتایا جاتا ہے کہ سیلاب سے 8 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

ایک لاکھ 20 ہزار سے زیادہ بے گھر افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ریاست اوڑیسہ میں بارشوں سے سڑکوں اور انفرا اسٹرکچر کو بری طرح نقصان پہنچا۔ ریاست جھاڑکھنڈ میں پانچ افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے، چار لاشیں مل گئیں اور ایک کی تلاش جاری ہے۔

بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کا کام جاری ہے، متاثرہ ریاستوں میں بارشوں کا سلسلہ آئندہ کئی روز تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید