پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ساتھ ٹیکنیکل کالج لاڑکانہ کا دورہ کیا جہاں مختلف علاقوں اور دیہات کے متاثرین بارش کو رکھا گیا ہے۔
بلاول بھٹو نے بارش متاثرین سے ملاقات کی اور ان سے کہا کہ ہم آپ کا ہر طرح سے خیال رکھیں گے۔ ابھی ہم آپ کو ریسکیو کرکے یہاں کیمپ میں لائے ہیں۔
انہوں نے متاثرین کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ریسکیو کے بعد ہم آپ لوگوں کی بحالی کا کام کریں گے۔
انہوں نے اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ اور موقع پر موجود دیگر اعلیٰ حکام کو کیمپ میں رہنے والے افراد کو کھانے پینے کی اشیا اور دیگر ضروری سہولتیں مہیا کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ متاثرین کو ان کی مرضی کے مطابق کچا یا پکا ہوا کھانا دیا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے پارٹی چیئرمین کو کیمپ میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے حوالے سے بریف کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے مقامی حکام کو متاثرین کو بجلی مہیا کرنے کی بھی ہدایت کی۔