پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ میں سیلاب سے بہت بری صورتحال ہے۔ مون سون سے لیفٹ اور رائٹ بینک پر سیلاب آیا ہے۔
قمبر شہدادکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب کے باعث بہت سے علاقے مکمل ڈوبے ہوئے ہیں۔ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں خیموں اور راشن کی ضرورت ہے۔ ہم نے وفاق اور بین الاقوامی فورم سے بھی امداد کی اپیل کی ہے۔ ہم سب کو مل کر اس صورتحال کا مقابلہ کرنا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ متاثرین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ریلیف فراہم کر رہے ہیں۔