جماعت اسلامی سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے ملتوی کیے جانے کے خلاف کراچی میں شاہراہ قائدین پر احتجاجی دھرنا دے دیا۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں ہوں اور پورے صوبے میں سندھ حکومت کو نہیں دیکھا۔ یہاں ہزاروں لوگ بارش سے متاثر ہیں نا تو کوئی حکومت کا کارندہ آیا نہ ہی امداد آئی۔
سراج الحق نے کہا کہ کراچی میں بارش ہوتی ہے تو فوراً اسکول بند ہوجاتے ہیں۔ بارش کا بہانہ بناکر الیکشن ملتوی کرکے ملک و قوم کو دھوکا دے رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے تاریخ دیے بغیر الیکشن ملتوی کیے جو غیر آئینی ہے۔
انہوں نے کہا کہ روٹی کپڑا اور مکان کے نام پر حکومتیں ہوں یا تبدیلی کے نام پر سب ناکام ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک کے مسائل کا کوئی حل نہیں سوائے جماعت اسلامی کے۔ آج نہیں تو کل، کل نہیں تو پرسوں ہماری حکومت ہوگی۔