کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کہا ہے کہ ہمارا پہلا ہدف ہے کہ ایشیا کپ جیتنا ہے۔ سارے کھلاڑی بھارت کےمیچ پر نہیں پورے ٹورنامنٹ پر فوکس ہیں اور جیت کے لئے پر عزم ہیں۔ ہم ٹورنامنٹ کو سامنے رکھتے ہوئے پلاننگ کررہے ہیں اور بابر اعظم میچ ونر ہیں۔ دو تین سال سے وہ کارکردگی دکھا رہا ہے اور تینوں فارمیٹ میں کپتانی کے ساتھ کارکردگی دکھانا اس کو دنیا کے عظیم کھلاڑیوں میں شمار کرتا ہے۔ بلاشبہ وہ غیر معمولی کرکٹ کھیل رہا ہے اور اس کو دور حاضر کا نمبر ایک اور دنیا کا عظیم کھلاڑی کہہ سکتے ہیں۔ انہوں نے بدھ کو دبئی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لڑکے اس کی بات توجہ سے سنتے ہیں اور کارکردگی دکھارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو اپنی پلاننگ نہیں بتاسکتے ہلکی پھلکی ٹوئننگ کررہا ہوں، میں ان کو سنتا ہوں اور ان کو بتانے کی کوشش کرتا ہوں۔ محمد یوسف نے حسنین اور شاہین کے بارے میں سوا ل کا جواب دینے سے انکار کردیا اور کہا کہ اس بارے میں بولنگ کوچ بتاسکتے ہیں۔ مجھ سے بیٹنگ کے بارے میں پوچھیں۔ انہوں نے کہا کہ گرمی کے باوجود لڑکوں نے اچھا پریکٹس سیشن کیا اور بھرپور جان ماری ہے۔ امید ہے کہ ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم اچھی کارکردگی دکھائے گی۔ گرم اور حبس والے موسم میں لڑکے محنت کررہے ہیں اور پروفیشنل کی حیثیت سے محنت کررہے ہیں۔