وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اگر اسحاق ڈار یا کسی اور کو وزیرخزانہ بنانا چاہتے ہیں تو بنادیں، اسحاق ڈار میرے خلاف آرٹیکل لکھتے ہیں یہ کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ میری اور اسحاق ڈار کی معاشی فلاسفی مختلف ہے، اسحاق ڈار باہر گئے تو پارٹی نے مجھے ذمہ داری سونپی، وزیراعظم مجھے جس دن ہٹانا چاہیں ہٹادیں میرے لیے خوشی کا باعث ہوگا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پیٹرول، بجلی مہنگی کرنے سے نواز شریف سمیت کوئی سیاستدان خوش نہیں ہوگا، میرا کونسا ایسا فیصلہ ہے جس کی شہباز شریف ذمہ داری نہیں لیتے، نواز شریف اور شہباز شریف دونوں کی رائے سے وزیر خزانہ بنا ہوں۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان کو وفاق میں حکومت نہیں ملے تو کیا ملک کو ڈیفالٹ کردیں گے، حیرت ہوئی کہ آئی ایم ایف میٹنگ سے پہلے آخری ورکنگ ڈے پر خط لکھا، پی ٹی آئی اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے ملک کی معیشت داؤ پر لگا رہی ہے، ملک سیلاب کی زد میں ہے اس وقت سیاست نہیں کرنی چاہیے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف حکومت پاکستان سے ڈیل کرتا ہے، پیر کے روز آئی ایم ایف کا پروگرام منظور ہو جائے گا۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم اس سال زرمبادلہ ذخائر بڑھائیں گے، قطر سے 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوگا، جب سے شہباز شریف کی حکومت آئی ہے ہم نے ریکارڈ ریونیو جمع کیا ہے۔