• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسد عمر نے الیکشن کمیشن سے ملنے والا نوٹس چیلنج کردیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان، فواد چوہدری اور انہیں ملنے والے نوٹس کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ آئین میں واضح ہے الیکشن کمیشن عدالت نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے غیر قانونی نوٹس کے خلاف درخواست دائر کی ہے، سندھ ہائی کورٹ میں کہا کہ الیکشن کمیشن کا نوٹس بلاجواز اور غیرقانونی ہے۔

سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ آرٹیکل 204 کے تحت کارروائی کرسکتی ہے، الیکشن کمیشن کے غیر قانونی نوٹس کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے جو فیصلے آرہے ہیں پی ٹی آئی کے خلاف ہیں، الیکشن کمیشن چاہتا ہے کہ سیاہ کو سفید اور سفید کو سیاہ کرتا رہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل کہہ رہے ہیں تحریک انصاف کی وجہ سے آئی ایم ایف کی ڈیل نہیں ہو رہی۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف تک اُنکی ناکامی کی گواہی دے رہے ہیں، ہم نے بہت بہتر پوزیشن میں آئی ایم ایف سے بات چیت کی تھی، ہم ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت تین ماہ کی ناکامی تیمور جھگڑا کے خط پر ڈال رہی ہے۔

تیمور جھگڑا نے خط میں کہا کہ خیبرپختونخوا نے 24 گھنٹے میں اپنی مدد کا اظہار کیا، خط میں کہا گیا کہ ہم وفاق کی مدد کے لیے تیار ہیں۔

دو ماہ میں انہوں نے صوبائی حکومت سے ملاقات تک نہیں کی، تیمور جھگڑا صوبے کا حق مانگ رہے ہیں خبردار اگر ان کی آواز دبانے کی کوشش کی گئی۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ اپنی ناکامی تیمور جھگڑا پر ڈالنے کی کوشش کی گئی، آپ سمجھتے ہیں کہ ڈنڈے سے ملک کو چلائیں گے تو یہ آپکی خام خیالی ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ جب مشکل وقت آتا ہے تو پاکستانی قوم متحد ہوجاتی ہے، جو لوگ مشکل میں ہیں قوم ان کی مدد کے لیے اٹھے گی۔

پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ عمران خان نے پارٹی کو سیلاب متاثرہ علاقوں میں مدد کی ہدایت کی ہے، دنیا بھر سے پیغام آ رہا ہے کہ عمران خان سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے اپیل کریں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں سے بات چیت جاری ہے فلڈ ریلیف امداد سے متعلق جلد فیصلہ ہوجائے گا، وفاقی حکومت نااہل ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جن دعوؤں پر آپ نے حرام کے پیسے سے حکومت گرائی اس میں ناکام ہوئے، جو بھی ہو رہا ہے وہ آپ کی ناکامی کی وجہ سے ہو رہا ہے، آپ نا اہل ہیں، عوام کی زندگی مشکل نہیں مشکل تر بنا دی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اور کے پی کے میں حکومتوں کو متحرک کیا گیا ہے، عمران خان کی طرف فنڈز ریزنگ کی اپیل کیلئے کہا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کا نوٹس میں کہنا ہے کہ عمران خان نے 12 جولائی کو چیف الیکشن کمشنر کے خلاف توہین آمیز بیان دیا، بھکر جلسے میں الیکشن کمیشن پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے، الیکشن کمیشن نے عمران خان اور دیگر کو 30 اگست کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید