امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کے 10 بڑے اپنی دولت کی زکوٰۃ ہی دے دیں تو عالمی اداروں کی ضرورت نہیں۔
امدادی سامان کی ترسیل سے قبل میڈیا سے گفتگو میں سراج الحق نے کہا کہ سیاسی جماعتیں سیاست ایک طرف رکھیں، حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری قوم کا اتفاق ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک کوئی سانحہ رونما نہ ہوجائے حکومت سوتی رہتی ہے، حکومت کی 10 بڑی شخصیات اپنی دولت کی زکوٰۃ دیں تو عالمی اداروں کی ضرورت نہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ حکومت نے پیشگوئی کے باوجود لوگوں کو بچانے کا انتظام نہیں کیا، پنجاب اور سندھ میں جاگیرداروں نے اپنی زمینیں بچانے کے لیے لوگوں کی طرف پانی چھوڑا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایک ہزار خاندانوں کے لیے کھانا، کپڑے اور بستروں کا انتظام کیا ہے، الخدمت فاؤنڈیشن کا ساتھ دیں، ہم ایک ایک روپیہ صحیح جگہ پہنچاتے ہیں۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ سینیٹرز اور ایم پی ایز خریدنے کے لیے اربوں روپے خرچ کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ کوہستان میں لوگوں کو بچانے کے لیے میں نے خود بھی فون کیا۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت مکان کے لیے 5 لاکھ روپے کا اعلان کرکے مذاق کر رہی ہے، اتنے میں ایک کمرہ بھی نہیں بنتا ہے۔