لاہورمیں تھانہ مناواں کے علاقے شریف پورہ میں 10 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد مبینہ قتل کے معاملے پر لواحقین نے رنگ روڈ پر احتجاج کیا اور ٹریفک بلاک کردی۔
مظاہرین نے الزام لگایا کہ بچی کو زیادتی کےبعد قتل کیا گیا، پولیس نے صرف قتل کا مقدمہ درج کیا۔
انہوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ سوئمنگ پول کے مالک نے بچی کو زیادتی کے بعد ڈبو کر مارا ہے۔
پولیس کے مطابق بچی اپنےبھائی اورچھوٹی بہن کے ساتھ گزشتہ روزسوئمنگ پول گئی تھی، بھائی کی مدعیت میں سوئمنگ پول کے مالک کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ درج کرکے ایک شخص کو حراست میں لے کر تحقیقات جاری ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق بچی غائب ہوئی تو سوئمنگ پول مالک نے بتایا کہ وہ گھرچلی گئی ہے، گھر والوں نے بچی کو تلاش کیا لیکن وہ کہیں نہ ملی۔
ایف آئی آر کے مطابق دوبارہ سوئمنگ پول آئے تو پتا چلا کہ بچی ڈوب گئی تھی اور اسے اسپتال لے گئے ہیں، اسپتال پہنچنے پر پتا چلا، بچی کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا۔