• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دادو: قبرستان زیرِ آب، گیسٹرو سے جاں بحق نوجوان کی گھر میں تدفین

تصویر بشکریہ گوگل
تصویر بشکریہ گوگل

سندھ کے ضلع دادو میں سیلاب کے سبب قبرستان زیرِ آب آ گیا، جس کی وجہ سے گیسٹرو کے باعث جاں بحق ہونے والے نوجوان کی تدفین گھر کے احاطے میں ہی کر دی گئی۔

دادو کے متعدد دیہاتوں میں لوگ محصور ہو گئے، قبرستان بھی زیرِ آب آگئے۔

یونین کونسل سوبھو مگسی کے گاؤں لاکھیر میں نوجوان گیسٹرو کے باعث جاں بحق ہو گیا، زیرِ آب آنے کی وجہ سے قبرستان میں تدفین ممکن نہ رہی اور نوجوان کی تدفین گھر کے احاطے میں ہی کر دی گئی۔

سیلاب سے دادوکی تحصیل جوہی، کے این شاہ اور میہڑ میں صورتِ حال بگڑنے لگی۔

ایم این وی ڈرین میں شگاف پڑ گیا، جوہی لنک روڈ زیرِ آب آنے کے باعث تحصیل جوہی کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔

شگاف کا پانی جوہی کے دیہی علاقوں سے شہر کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کی وجہ سے جوہی، میہڑ اور خیر پور ناتھن شاہ کے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقلی کے لیے الرٹ جاری کیے گئے ہیں۔

دریائے سندھ میں میہڑ کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہونے لگی ہے جس کے باعث کچے کے علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔

سیلابی ریلے سے میہڑ کی یونین کونسل منگوانی کے 40 سے زائد دیہات زیرِ آب آئے ہیں۔

ان 40 دیہات کے مکینوں کی وہاں سے محفوظ مقامات پر نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے، کچے کے متعدد دیہات میں لوگ محصور ہو کر بھی رہ گئے ہیں۔

سپریو بند سے آنے والے سیلابی ریلے سے میہڑ انڈس ہائی وے زیرِ آب آ گئی جس کی وجہ سے اس کی 1 سڑک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے جبکہ یک طرفہ سڑک سے دو رویہ ٹریفک کو گزارا جا رہا ہے۔

دوسری جانب انتظامیہ کی جانب سے میہڑ رنگ بند کو مضبوط کرنے کی ہنگامی کوششیں جاری ہیں۔

قومی خبریں سے مزید