• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں سیلاب متاثرین کیلئے اقوام متحدہ کی جانب سے ہنگامی امداد کی اپیل

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے اقوام متحدہ کی جانب سے ہنگامی امداد کی اپیل کر دی گئی۔

دفتر خارجہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستانی عوام غیر معمولی مون سون کا سامنا کررہے ہیں، ہزار سے زیادہ جانیں جاچکیں، لاکھوں برباد ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہاجرین کی میزبانی کرنے والے ملک کو درپیش مشکلات پر دل رنجیدہ ہے، اقوام متحدہ نے پاکستان کے لیے 16 کروڑ ڈالر امداد کی اپیل کی ہے۔

انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کے لیے پاکستان کو امداد کی ضرورت ہے، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات کا سامنا ہے۔

پاکستان کو عالمی برادری کی مدد کی فوری ضرورت ہے، بلاول بھٹو

 وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان گلوبل وارمنگ کی وجہ سے براہ راست متاثر ہو رہا ہے، پاکستان کو عالمی برادری کی مدد کی فوری ضرورت ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کلاؤڈ برسٹ اور طوفانی بارشوں سے سیلاب آیا، سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کی ضرورت ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں ہیٹ ویو نے ریکارڈ توڑ دیے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان کو شدید بارشوں اور سیلاب کا سامنا ہے، 72 اضلاع میں 3 کروڑ افراد کو سیلاب کی صورتحال کا سامنا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کی کھانے پینے کی اشیاء تک رسائی مشکل ہورہی ہے، امداد پر دوست ملکوں اور عالمی برادری کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان کو ٹینٹس اور مچھر دانیوں کی فوری ضرورت ہے۔

سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے 10 ارب ڈالر درکار ہوں گے، احسن اقبال

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار سال ملک کی تباہی کے تھے، سیلاب پروٹیکشن پروگرام پر ایک روپیہ خرچ نہیں کیا گیا، ہر شعبے کی کارکردگی صفر بٹا صفر ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام سبوتاژ کرنے کی سازش میں ممنوعہ اور فارن فنڈنگ کی کڑیاں ملتی ہیں یا نہیں؟ یہ ملک کے ان لوگوں سے غداری ہے جو سیلاب میں ڈوبے ہوئے ہیں، سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے دس ارب ڈالر سے زیادہ درکار ہوں گے۔

احسن اقبال کا کہنا ہے کہ مون سون سیزن کے آغاز سے پاکستان میں 1100 سے زیادہ اموات ہوچکی ہیں، پاکستان کو فوڈ سیکیورٹی کے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اقوام متحدہ (یو این) ہیومینیٹیرین کوآرڈی نیٹر کی پاکستان کے لیے امداد کی کوششیں قابل تعریف ہیں، بارش اور سیلاب سے کپاس کی پچاس فیصد فصل متاثر ہوئی ہے، امید ہے عالمی برادری پاکستان کی مدد کے لیے آگے آئے گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈی نیٹر جولیان ہارنیس نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے تباہی تصورات سے زیادہ ہے، عالمی برادری موسمیاتی تبدیلی سے متاثر پاکستان کے لیے اظہار یکجہتی کرے۔

جولیان ہارنیس کا کہنا ہے کہ میں نے سیلاب سے متاثر علاقوں کا دورہ کیا ہے، پاکستان میں سیلاب نے لاکھوں افراد کو متاثر کیا ہے۔

قومی سطح پر ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا ہے، چیئرمین این ڈی ایم اے

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس سال بہار کا موسم نہیں آیا، گرمی شروع ہوگئی، رواں سال مون سون بارشیں وقت سے پہلے شروع ہوئیں۔

چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز کا کہنا ہے کہ پاکستان کو رواں سال چار ہیٹ ویوز کا سامنا رہا، بعض علاقوں میں بارشوں سے 30 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، قومی سطح پر ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے 72 اضلاع کو سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، پاکستان میں سیلاب سے 10 لاکھ سے زائد گھر متاثر ہوئے، 20 لاکھ ایکڑ زمین اور 3 کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئے۔

پاکستان میں سیلاب سے بھاری جانی ومالی نقصان ہوا ہے، چینی مندوب

جینیوا میں چین کے مندوب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے بھاری جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔

چینی مندوب کا کہنا ہے کہ چینی صدر، وزیرِ اعظم، وزیرِ خارجہ پاکستان سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین نے اضافی 25 ہزار ٹینٹ اور دیگر ضروری سامان پاکستان کو دینے کا فیصلہ کیا ہے، چین پاکستان کو سیلاب متاثرین کے لیے امداد کی فراہمی جاری رکھے گا۔

قومی خبریں سے مزید