• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے ہانگ کانگ پر ہاتھ صاف کرلیا، سپر فور میں رسائی، ویرات کوہلی کی ففٹی

دبئی (عبدالماجدبھٹی/ نمائندہ خصوصی) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت نے کمزور حریف ہانگ کانگ کو 40 رنز سے شکست دے کر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی اور سپر فور مرحلے کے لئے کوالی فائی کر لیا۔ ہانگ کانگ نے پانچ وکٹ پر152 رنز بنائے لیکن بیٹنگ میں چند غیر معمولی اسٹروکس کھیلے۔ اس میچ کے نتیجے کے بعد پاکستان کو دوسرے میچ میں جمعے کو ہانگ کانگ کو شکست دینا ہوگا۔ ہانگ کانگ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کا تعلق پاکستان اور بھارت سے ہے۔ پاکستان کو پہلے میچ میں بھارت نے پانچ وکٹ سے شکست دی تھی۔ بدھ کو دبئی اسٹیڈیم کے قریب دبئی اکیڈمی میں پاکستانی ٹیم نے مسلسل دوسرے دن پریکٹس کی اور ہانگ کانگ کے میچ کی تیاری جاری رکھی۔ افغانستان کی ٹیم بھارت کی طرح دونوں میچ جیت کر پہلے ہی اگلے مرحلے میں پہنچ چکی ہے۔ جمعرات کو دبئی میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کا اہم میچ ہوگا۔ دونوں کو پہلے میچ میں افغانستان کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ فاتح ٹیم سپر فور میں کوالی فائی کرے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کو وطن واپسی کا ٹکٹ مل جائے گا۔ بھارتی بولروں نے ہانگ کانگ کے بیٹر کو کھل کر بیٹنگ کا موقع نہیں دیا۔ بابر حیات نے سب سے زیادہ41 رنز 35 گیندوں پر بنائے۔ پاکستانی فرسٹ کلاس کا وسیع تجربہ رکھنے والے بابر نے دو چھکے اور تین چوکے مارے۔ کنچٹ شاہ نے30 رنز 28 گیندوں پر بنائے۔ کپتان نزاکت خان دس رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ یاسیم مرتضی نے9 اور اعزاز خان نے14 رنز بنائے۔ قبل ازیں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے دو وکٹ پر192رنز بنائے۔ ہانگ کانگ کے بولروں نے اچھی کارکردگی دکھائی لیکن آخری دس اوورز میں بھارتی ٹیم نے122 رنز بنالئے۔ سوریا کمار یادیو نے جارحانہ انداز میں68 رنز26 گیندوں پر بنائے ان کی اننگز میں چھ چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔ ویرات کوہلی کی کمزور ٹیم کے خلاف نصف سنچری بناکر فارم حاصل کی۔ انہوں نے44 گیندوں پر59 رنز اسکور کئے ان کی اننگز میں تین چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔ دونوں کے درمیان تیسرے وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں98 رنز 42 گیندوں پر بنے دونوں نے ناتجربہ کار بولروں کے خلاف تماشائیوں کو تفریح فراہم کی۔ اس سے قبل کے ایل راہول39 گیندوں پر36 رنز بناکر آئوٹ ہوئے ان کی اننگز میں دو چھکے شامل تھے۔ روہت شرما نے 13 گیندوں پر 21 رنز بنائے۔ ہانگ کانگ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ شکلا نے چار اوورز میں29 اور محمد غضنفر نے19رنز دے کر ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔