اایڈیلیڈ (جنگ نیوز) بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بدترین کارکردگی اور شکست کے بعد آسٹریلوی میڈیا اپنی کرکٹ ٹیم پر برس پڑا۔ مبصرین اور سابق کرکٹرز نے ٹیم کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پوچھا جارہا ہے کہ کیا اسٹیون اسمتھ دوبارہ اپنی پرانی فارم حاصل کرپائیں گے یا نہیں۔ دوسری جانب بھارت کی قیادت کرنے والے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے کہا ہے کہ پرتھ ٹیسٹ ختم ہوگیا، اب ایڈیلیڈ کے پنک بال ٹیسٹ میں نئی شروعات کرنی ہونگی۔ انہوں نے ویرات کوہلی کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کوہلی کو ہماری نہیں بلکہ ہمیں کوہلی کی ضرورت ہے۔ دریں اثنا دوسرے میچ کیلئے بھارت کو ٹیم سلیکشن کا مسئلہ پیدا ہونے کا خدشہ ہے، کپتان روہت شرما میچ کیلئے واپسی کرینگے۔ وہ جیسوال کے ساتھ اننگز اوپن کریں گے، ٹیم مینجمنٹ کے سامنے ملین ڈالر سوال یہ ہوگا کہ کے ایل راہول کس نمبر پر بیٹنگ کرینگے۔