• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فراخدلی بمقابلہ انتہا پسندی، حسن علی نے آئی لو یو انڈیا کہہ دیا

دبئی ( نمائندہ خصوصی) پاکستان اور بھارتی کرکٹ شائقین و عوام کے سوچ میں کتنا فرق ہے یہ سوشل میڈیا پر وائرل دو خبروں سے واضح ہوجاتا ہے، بھارتی عوام انتہا پسندی کے جال میں پھنستے جارہے ہیں جبکہ پاکستانی اس بات سے کوسوں دور دکھائی دیتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں پاکستانی کرکٹرز حسن علی اور حیدر علی میدان میں ٹریننگ کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں، اس وقت ایک بھارتی پرستار نے انہیں روک کر کہا کہ بھارت میں آپ کے بہت مداح ہیں۔ اس موقع پر خاتون مداح نے تصویر کی درخواست کی، حسن علی نے ’آئی لو انڈیا‘ کہا اور پھر ان کے ساتھ تصویر بنوائی۔ دوسری جانب میچ کے دوران پاکستانی جرسی اور ہاتھ بھارتی پرچم اٹھانے والا بھارتی شائق مشکل کا شکار ہوگیا، اسے غدار قرار دیا جارہا ہے۔ بھارتی اخبار کےمطابق امریکا سے میچ کیلئے امارات پہنچنے والے بریلی کے سنیم جیسوال نے پاکستانیوں کو تنگ کرنے کیلئے گرین جرسی خرید کر پہن لی، یہ تصویر وائرل ہونے پر بھارت میں ان کے خاندان کو دھمکیاں موصول ہونا شروع ہوگئیں۔ جبکہ ریاست اتر پردیش کے وزیراعلیٰ سے ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ سنیم جیسوال کا کہنا ہے کہ مجھے نہیں پتہ تھا کہ ایک ایسی غیر نقصان دہ چیز میرے لیے اذیت کا باعث بن جائے گی۔ میرے والد دل کے مریض ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ اس ٹینشن سے مجھے ہارٹ اٹیک ہوجائے گا۔ ہر کوئی مجھے غدار پکار رہا ہے۔