• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیجنڈ باکسر محمد علی کے انتقال پر پاکستان میں بھی صف ماتم بچھ گئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) لیجنڈ باکسر محمد علی کے انتقال پر پاکستان میں بھی صف ماتم بچھ گئی، پاکستان میں محمد علی کے مداحوں کی تعداد لاکھوں میں ہے اور باکسنگ سے تعلق رکھنے والے بیشتر افراد محمد علی کی وفات پر افسردہ اور غمگین ہوگئے۔ سیول اولمپک باکسنگ میں برانز میڈل حاصل کرنے والے لیجنڈ حسین شاہ نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ محمد علی رول ماڈل کی حیثیت رکھتے تھے، میں باکسنگ میں جو بھی نام کمایا ان ہی کی مرہون منت تھا، جب وہ پاکستان آئے تو مجھے باکسنگ سے متعلق ٹپس بھی دیں تھی، ان کی موت باکسنگ کی دنیا کیلئے ایک بڑا نقصان ہے، وہ آج ہمارے درمیان نہیں اللہ سے دعا ہے کہ انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔ کراچی کے علاقے لیاری کے عوام اور باکسرزمحمد علی کی یاد میں اداس ہیں۔ باکسر محمد علی کلے کے انتقال پر کراچی کا علاقہ لیاری سوگ میں ڈوب گیا، چاکیواڑہ کے باکسنگ کلب میں فاتحہ خوانی کی گئی۔ اس موقع پر اولمپین باکسر ملنگ بلوچ، عبدالغنی درویش اور دیگر نے محمد علی کلے کی تصاویر ہاتھوں میں اٹھا رکھیں تھیں۔ لیاری میں خواتین باکسرز نے بھی ان کے انتقال پر سوگ منایا۔ محمد علی کلے کے انتقال کے باعث سوگ کی وجہ سے لیاری کے باکسنگ رنگ ویران رہے۔
تازہ ترین