لاہور میں گیریژن کمانڈر میجر جنرل ملک محمد عامر خان نے میجر شبیر شریف شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب میں میجر شبیر شریف شہید کے اہل خانہ سمیت پاک فوج کے ریٹائرڈ اور حاضر سروس افسران نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارگل جنگ کے شہید کیپٹن کرنل شیر خان نشان حیدر کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
صوابی میں کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشانِ حیدر کی قبر پر میجر جنرل عمر بشیر نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں یومِ دفاع آج بھرپور جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُر وقار تقریب ہوئی جس میں پاکستان ایئرفورس کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
لاہور میں بھی ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل سید آصف حسین نے مزار اقبال پر حاضری دی۔