• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بورس جانسن نے بریگزٹ کیا، ویکسین فراہم کی اور روسی جارحیت کا مقابلہ کیا، لز ٹرس

برطانیہ کی نو منتخب وزیراعظم لز ٹرس نے وزیراعظم بننے کے بعد ڈاؤئنگ اسٹریٹ سے اپنے پہلے خطاب میں سبکدوش وزیراعظم بورس جانسن کو خراج تحسین پیش کیا۔ 

لندن سے موصولہ اطلاع کے مطابق لز ٹرس نے کہا کہ بورس جانسن نے بریگزٹ کیا، ویکسین فراہم کی اور روسی جارحیت کا مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ کووڈ اور یوکرین جنگ کے باعث عالمی سطح پر پیدا شدہ مسائل کا سامنا ہے۔ برطانیہ میں مثبت تبدیلیاں لانے کیلئے روزانہ کاوشیں کروں گی۔

نومنتخب برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکسوں میں کمی، اصلاحات اور معیشت کو ترقی دینے کا جرات مندانہ منصوبہ موجود ہے۔ توانائی بحران کی وجہ روسی جارحیت ہے، اس مسئلے سے نمٹیں گے۔

لز ٹرس کے مطابق ڈاکٹرز سے مریضوں کی بروقت اپائنٹمنٹ یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی تعمیر و ترقی میرے مشن کا حصہ ہے۔ 

نومنتخب وزیراعظم نے اپنی تین فوری ترجیحات، معیشت، توانائی اور ہیلتھ سسٹم کا اعلان کیا۔ ٹیکسوں میں کمی اور اصلاحات کے ذریعے معیشت کو فروغ دیا جائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ اسپتالوں، اسکولوں، سڑکوں اور بروڈبینڈ کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے گا۔ یوکرین جنگ سے پیدا توانائی کے بحران سے فوری نمٹا جائے گا۔ توانائی کے مسئلے کے حل کے لیے اس ہفتے اقدامات کیے جائیں گے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ہم مل کر موجودہ معاشی طوفان سے نکل سکتے ہیں، میری حکومت برطانیہ کو متاثرکُن قوم میں تبدیل کر سکتی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید