کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایکس کے پہلے ”پی ایس ایکس ڈیویڈنڈ20“ کا اجرا،تفصیلات کے مطابق سرمایہ کاروں، اسٹیک ہولڈرز اور مارکیٹ کے شرکاء کو سہولت فراہم کرنے کے لئے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے اپنے پہلے بنیادی انڈیکس پی ایس ایکس ڈیویڈنڈ 20 انڈیکس کا اجرا کر دیا ہے۔ اس انڈیکس کو پی ایس ایکس میں ڈیویڈنڈ ادا کرنے والی سرفہرست 20 کمپنیوں کی کارکردگی کو ٹریک کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جس کے تحت کمپنیوں کو ان کے گزشتہ 12 ماہ کے ڈیویڈنڈ دینے کی بنیاد پر درجہ بندی اور وزن دیا گیا ہے۔پی ایس ایکس ڈیویڈنڈ 20 انڈیکس کے اجراء کے موقع پر، ایم ڈی اور سی ای او پی ایس ایکس فرخ ایچ خان نے کہاپاکستان اسٹاک ایکسچینج سرمایہ کاروں اور مارکیٹ میں حصہ لینے والوں کے تجربے کو بڑھانے کے لیے مسلسل جدت اور نئی مصنوعات پیش کر رہا ہے۔ پی ایس ایکس ڈیویڈنڈ 20 انڈیکس پاکستان کی سٹاک مارکیٹ کا 14 واں ایکویٹی انڈیکس ہے جو مارکیٹ کے شرکاء کو سرمایہ کاری کے پورٹ فولیوز کا جائزہ لینے کے لیے ان انڈیکسوں کو استعمال کرنے میں سہولت فراہم کرتا ہے۔ ہمیں یقین ہے زیادہ منافع دینے والی کمپنیوں کی نشاندہی کرکے یہ انڈیکس موجودہ معاشی حالات میں سرمایہ کاروں کے لیے خاص طور پر مددگار ثابت ہوگا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی ایس ایکس کے چیف پروڈکٹ آفیسر اور ریجنل ہیڈ حسن رضا نے کہا پی ایس ایکس ڈیویڈنڈ 20 انڈیکس کا اضافہ مارکیٹ کے شرکاء کے لیے ایک بے پناہ مددگار ثابت ہوگا کیونکہ یہ کمپنیوں کو ان کے نقد ڈیویڈنڈ کی ادائیگی کی بنیاد پر اسکرین کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔