8 گھنٹوں سے ٹریفک جام میں پھنسی ہوئی گاڑیوں کی وائرل ہونے والی یہ تصویر پاکستان کے کسی بڑے شہر کی مصروف شاہراہ سے نہیں بلکہ امریکی شہر نیواڈا کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر امریکی شہر نیواڈا کی ایک تصویر خوب وائرل ہو رہی ہے جس میں 15 لینز میں بمپر ٹو بمپر ٹریفک جام میں پھنسی ہوئی گاڑیوں کی لمبی قطاروں کو دیکھا جاسکتا ہے۔
یہ مسافر گزشتہ نو روز سے جاری سالانہ میوزک اینڈ کلچر فیسٹیول ’برننگ مین‘ میں شرکت کے بعد اپنے گھروں کو لوٹ رہے ہیں۔
عالمی وباء کوویڈ 19 کی پابندیوں میں نرمی کے سبب تین سال کے وقفے سے اس سالانہ تہوار کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں شائیقن کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر برننگ مین کی انتظامیہ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ سالانہ تہوار کے اختتام پر ایک ہی وقت میں مسافروں کی بڑی تعداد کو بلیک راک صحرا کا رخ کرنے پر انہیں 8 گھنٹوں کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
انتظامیہ نے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ ممکنہ طور پر مسافروں کو مزید انتظار کرنا پڑسکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق تقریباً 80 ہزار شائقین نے 9 روز جاری رہنے والے اس تہوار میں شرکت کی۔
واضح رہے کہ برننگ مین فیسٹیول میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے ہزاروں کی تعداد میں افراد نیویارک کا رخ کرتے ہیں، تہوار کے دوران شرکاء عجیب و غریب لباسوں میں ملبوس ہفتہ بھر پارٹی کرتے ہیں۔
یہ تہوار ایک پتلے کو جلانے کے بعد اختتام پذیر ہوتا ہے اسی وجہ سے اس تہوار کو برننگ مین کہا جاتا ہے اس کی روایت 1989 میں رکھی گئی۔