صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایشیا کپ کے سُپر فور مرحلے میں پاکستان کی افغانستان کے خلاف میچ میں فتح کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کو سراہا جبکہ ہارنے والی افغان کرکٹ ٹیم سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایشیا کپ کے سُپر فور مرحلے میں افغانستان کے خلاف پاکستان کی جیت پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
اُنہوں نے نسیم شاہ کو میچ میں زبردست کارکردگی دکھانے پر شاباشی دی۔
اُنہوں نے لکھا کہ’ملک میں آئے سیلاب کی وجہ سے ہمیں جتنی پریشانیوں کا سامنا ہے اس کے باوجود بھی گرین شرٹس ہمارے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر رہی ہیں۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’بہت دلچسپ میچ تھا اور میں افغان کرکٹرز کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں، جن کی پرفارمنس میں گزشتہ چند سالوں کے دوران کافی بہتری آئی‘۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ 2022ء کے سُپر فور مرحلے میں پاکستان نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر بھارت کو بھی ایونٹ سے باہر کردیا ہے۔
پاکستان کو اس میچ میں فتح اور ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے کے لیے 130 رنز کا ہدف ملا جوکہ نسیم شاہ نے آخری اوور میں 2 گیندوں پر 2 چھکے لگا کر پورا کیا۔