سندھ پولیس کے کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ کی تنظیم نو کے حوالے سے آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ سندھ کی تنظیم نو یا اصلاحات متعارف کرانے کے حوالے سے معلومات، بریفنگ پر مشتمل تفصیلات کا جائزہ لیا گیا اور مزید ضروری ہدایات دی گئیں۔
ملک کی ضرورت کے مطابق اجلاس کا مقصد سی ٹی ڈی کی جملہ ذمہ داریوں اور اقدامات کو ڈیجٹلائزڈ کرتے ہوئے اسے ایک بہترین اور درست سمت کی جانب گامزن کرنا ہے۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ سی ٹی ڈی کی تنظیم نو اور اس کے تحت اصلاحات کا مقصد اس کے جملہ امور و اقدامات بشمول انویسٹی گیشن، آپریشنز، ٹریننگ، انٹیلی جنس ورکنگ و دیگر کو ڈیجٹلائزڈ کرکے جرائم کی بیخ کنی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف تکنیکی مہارت کو وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور کامیابی کے گراف کو بہتر سے بہتر بنانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان اقدامات کی بدولت سی ٹی ڈی کی آپریشنل کارکردگی کے ساتھ ساتھ تفتیشی، تحقیقی کارکردگی میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آئے گا اور گرفتار ملزمان کو ٹھوس/ مؤثر تفتیش اور بعد ازاں چالان کی بدولت سزاؤں کے شرح تناسب میں بھی بہتری آئے گی۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی عمران یعقوب منہاس، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی آصف اعجاز شیخ، ایس ایس پی انویسٹی گیشن سی ٹی ڈی فدا حسین شاہ، ایس ایس پی آپریشنز سی ٹی ڈی زبیر نذیر شیخ، اے آئی جی آپریشنز سندھ، اے آئی جی ایڈمن سی پی او کے علاوہ انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب اور انچارج سی ٹی ڈی ٹیکنیکل مظہر مشوانی بھی موجود تھے۔