فیصل آباد میں پولیس نے بینکوں سے کیش لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کے 6 ارکان کو گرفتار کرلیا، ملزمان کے ساتھی بینکوں کے اندر اور باہر موجود رہ کر ریکی کرتے اور موٹرسائیکل سوار شہریوں کو لوٹ کر فرار ہو جاتے تھے۔
ایس ایس پی کیپٹن (ر ) محمد اجمل نے بتایا کہ مدینہ ٹاؤن اور کینال روڈ کے علاقہ میں گروہ بینکوں سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹتا تھا، ملزمان کے ساتھی بینکوں کے اندر اور باہر موجود رہ کر ریکی کرتے جس کے بعد موٹر سائیکل سوار ملزمان اسلحہ کے زور پر واردات کر کے فرار ہو جاتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ بینکوں سمیت مختلف مقامات پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز اور تکنیکی ذرائع سے گینگ کا سراغ لگایا گیا۔
ملزمان نے بینک سے کیش نکلوانے والی 6 وارداتوں کے علاوہ شیخوپورہ کے پیٹرول پمپ کو لوٹنے کا بھی اعتراف کیا اور 40 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ پائے گئے۔
اس کے علاوہ اسٹریٹ کرائمز کے 6 مختلف گروہ میں شامل ملزمان کو گرفتار کر کے 60 لاکھ کی رقم برآمد کرلی گئی۔