شیخوپورہ(نمائندہ جنگ )لاہور روڈ کی آبادی جہانگیر ٹاؤن میں داماد اور اس کے رشتہ داروں کے تشدد کا نشانہ بننے والے محنت کش ذوالفقار احمد 10روز تک موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گیا تھانہ ہاؤسنگ کالونی پولیس نے تشدد کے مقدمہ کو قتل کے مقدمہ میں تبدیل کرکے مقتول ذوالفقار کی نعش پوسٹ مارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچادی ہے ، بتایا گیا ہے کہ ذوالفقار احمد نے اپنی بیٹی کی شادی جہانگیر ٹاؤن کے نوجوان وقاص طارق کے ساتھ کی تھی مگر میاں بیوی کے درمیان نبا ہ نہ ہوسکا تو ذوالفقار کی بیٹی نے تنسیخ نکاح کا دعویٰ فیملی کورٹ میں دائر کردیا ، وقاص طارق کو شبہ تھا کہ اس کے سسر ذوالفقار کی آشیر باد سے یہ دعویٰ دائر کیا گیا ہے جس پر وقاص طارق اور اس کے رشتہ داروں اکرم وغیرہ 5 افراد نے ذوالفقار احمد جو ریڑھی بان تھا کو صلح کے بہانے گھر بلایا اور تنسیخ نکاح کا دعویٰ واپس کروانے کے بعد اپنے گھر لیجا کرکمرہ میں بند کرکے شدید تشدد کا نشانہ بنا کر لہولہان کردیا جس کو محلہ داروں نے نکال کر ہسپتال پہنچایا جہاں وہ 10روز تک موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔