• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بل گیٹس نے غذائی بحران سے نکلنے کیلئے’ جادوئی بیج‘ کی تجویز دے دی

بل گیٹس، فائل فوٹو
بل گیٹس، فائل فوٹو

مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے غذائی بحران سے نمٹنے کے لیے ایک دلچسپ تجویز پیش کردی ہے۔

بل گیٹس کا کہنا ہے کہ غذائی بحران اتنا شدید ہے کہ صرف امداد سے اس مسئلے کو مکمل طور پر حل نہیں کیا جاسکتا۔ 

بل گیٹس کا کہنا ہے کہ غذائی بحران کی بنیادی وجوہات یوکرین میں جاری جنگ، موسمیاتی تبدیلی اور دنیا میں تیزی سے پھیلنے والے وبائی امراض کو قرار دیا ہے۔ 

بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی طرف سے منگل کے روز جاری کردہ ایک رپورٹ میں غذائی بحران سے نمٹنے کے لیے ’جادوئی بیج‘ تیار کرنے کی طرف اشارہ دیا ہے جیسے فصلوں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق ڈھالنے اور زرعی کیڑوں کے خلاف مزاحمت کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

اس رپورٹ میں ایک نقشہ بھی جاری کیا گیا ہے جس میں یہ دکھایا گیا ہے کہ کیسے موسمیاتی تبدیلی مستقبل میں کس طرح سے فصلوں کی پیداوار کو متاثر کرے گی اور کئی ممالک میں ایسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر ایکشن لینے کی ضرورت ہے۔

یہ تجویز پیش کرنے کے بعد سے بل گیٹس کو ناقدین کی جانب سے تنقید کا بھی سامنا ہے کیونکہ ان کے خیال سے بل گیٹس کی یہ تجویز ماحول کے تحفظ کے لیے کی گئی عالمی کوششوں سے متصادم ہے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ ایسے بیجوں سے پیداوار حاصل کرنے کے لیے عام طور پر کیڑے مار ادویات اور فوسل فیول پر مبنی کھاد کی ضرورت ہوتی ہے۔

ناقدین کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ بل گیٹس کا یہ نقطہ نظر غذائی بحران کی فوری ضرورت پر توجہ نہیں دیتا۔

اُن کا مزید کہنا ہے کہ ان ’جادوئی بیجوں‘ کو تیار کرنے میں برسوں لگتے ہیں، اس لیے بڑے پیمانے پر مصائب کا شکار ممالک کو فوری طور پر ریلیف نہیں ملے گا کیونکہ وہ خوراک کی درآمد پر انحصار کرتے ہیں یا تاریخی خشک سالی کا سامنا کر رہے ہیں۔

بل گیٹس کی اس تجویز کے بعد شروع ہونے والی یہ بحث 2030ء کی آخری تاریخ سے پہلے تک عالمی خوشحالی اور امن کے حصول کے لیےطے شدہ مشترکہ اہداف کو پورا کرنے کے لیے بین الاقوامی دباؤ کو تیز کر سکتی ہے، جنہیں یو این سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز کے نام سے جانا جاتا ہے۔ 

اس 17 اہداف میں غربت اور بھوک کا خاتمہ، موسمیاتی تبدیلیوں سے لڑنا، صاف پانی تک رسائی فراہم کرنا، صنفی مساوات کے لیے کام کرنا اور معاشی عدم مساوات کو کم کرنا بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بل گیٹس افریقی ممالک میں زراعت کو بہتر بنانے کے لیے2008ء سے اب تک 131 ملین ڈالرز خرچ کرچکے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید