وزیرِ اعظم شہباز شریف 2 روزہ دورے پر ازبکستان کے شہر سمرقند پہنچ گئے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف ازبک صدر شوکت مرزا یوف کی دعوت پر ازبکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی تاجکستان کے صدر امام علی رحمٰن سے ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ وفاقی وزراء بلاول بھٹو زرداری، مفتاح اسماعیل اور خواجہ آصف بھی موجود ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سمرقند میں حضرت خضر کمپلیکس کا دورہ بھی کیا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف تاجکستان، ایران، بیلاروس، کرغیزستان اور ازبکستان کے صدور سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے بھی ملاقات کریں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف ازبک صدر کی طرف سے سربراہان ممالک کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے، وہ عشائیے کے بعد ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات بھی کریں گے۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم کے دورے کے دوران موسمی تغیرات سے نمٹنے، خوارک، توانائی، پائیدار ترقی سمیت اہم امور پر بات چیت ہوگی۔
اجلاس کے موقع پر شہباز شریف مختلف رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف دورۂ ازبکستان کے دوران شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت اور اہم ملاقاتیں کریں گے۔