• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان کو نظر انداز کرنا بہت بڑی غلطی ہو گی: شہبازشریف

وزیرِاعظم شہباز شریف سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں—تصویر بشکریہ فیس بک
وزیرِاعظم شہباز شریف سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں—تصویر بشکریہ فیس بک

وزیرِاعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پڑوسی ملک افغانستان کو نظر انداز کرنا بہت بڑی غلطی ہو گی۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا امن افغانستان میں امن سے جڑا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن کے پورے خطے پر مثبت اثرات پڑیں گے، ترقی کے لیے انتہا پسندی اور علیحدگی پسندی کا خاتمہ بہت ضروری ہے ۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کی وجہ موسمیاتی تغیرات ہیں ، جس کے نتیجے میں 400 بچوں سمیت 1400 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف دیگر عالمی رہنماؤں کے ہمراہ شریک ہیں—تصویر بشکریہ فیس بک
شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف دیگر عالمی رہنماؤں کے ہمراہ شریک ہیں—تصویر بشکریہ فیس بک

شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس

واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا سربراہی اجلاس سمرقند میں ہو رہا ہے۔

ازبکستان کے صدر نے کانگریس سینٹر پہنچنے پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں رکن اور مبصر ممالک کے سربراہان کے ساتھ ساتھ دیگر خصوصی مہمان بھی شریک ہیں۔

اجلاس میں اہم عالمی اور علاقائی مسائل زیرِ بحث آئیں گے جن میں موسمیاتی تبدیلی، فوڈ سیکیورٹی، انرجی سیکیورٹی اور پائیدار سپلائی چین جیسے معاملات خصوصی اہمیت کے حامل ہوں گے۔

اجلاس میں مستقبل کی سمت کے تعین سے متعلق معاہدوں اور دستاویزات کی بھی منظوری دی جائے گی۔

وزیرِ اعظم چینی صدر سے آج ملاقات کرینگے

وزیرِ اعظم شہباز شریف آج چین کے صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کریں گے۔

وزیرِ اعظم کی کن سربراہانِ مملکت سے ملاقات ہوئی؟

وزیراعظم نے اجلاس کی سائیڈ لائن پر کئی اہم ملاقاتیں کیں اور متاثرینِ سیلاب کے لیے امداد فراہم کرنے پر رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔

دورے کے پہلے روز وزیرِ اعظم شہباز شریف نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کی، جس کے دوران صدر پیوٹن نے کہا کہ روس سے پاکستان کو پائپ لائن کے ذریعے گیس کی فراہمی ممکن ہے، جس کے لیے درکار ضروری انفرااسٹرکچر پہلے سے ہی موجود ہے۔

روسی صدر نے کہا کہ روس پاکستان کے متاثرینِ سیلاب کے لیے مزید امداد بھجوانے کو تیار ہے، افغان مسئلے کا حل ضروری ہے اور پاکستان کے پاس افغانستان کی صورتِ حال پر اثرانداز ہونے کی صلاحیت موجود ہے۔

صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ روس پاکستان کو اہم شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے۔

دفترِ خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں میں بین الحکومتی کمیشن کا اگلا اجلاس جلد از جلد اسلام آباد میں منعقد کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی ایک اور اہم ملاقات ترک صدر رجب طیب اردوان سے بھی ہوئی۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے وزیرِ اعظم میاں شہباز شریف سے ملاقات کے دوران روس سے پاکستان کو گیس کی فراہمی کے منصوبے پر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے واضح کیا کہ دو طرفہ تعلقات صحیح سمت میں گامزن ہیں۔

اُس سے قبل تاجکستان کے صدر امام علی رحمٰن اور اُزبکستان کے صدر شوکت مِرزی وئیف سے ملاقاتوں میں مشترکہ مفادات پر تبادلۂ خیال اور باہمی روابط بڑھانے پر اتفاق ہوا۔

بیلاروس کے صدر لوکا شینکو سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی اور تجارتی شعبوں میں تعاون کے فروغ کا اعادہ کیا گیا۔

شہباز شریف نے بیلاروس کے دورے کی دعوت قبول کی اور بیلاروس کے صدر کو دورۂ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

جمہوریہ کرغزستان کے صدر زاپروف سے ملاقات میں پاک کرغز رہنماؤں کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا اگلا اجلاس جلد بلانے پر اتفاق ہوا۔

شہباز شریف نے گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں کے ذریعے کرغزستان کی سمندر تک رسائی آسان بنانے کے لیے پاکستان کے تعاون کایقین دلایا اور پاک کرغزستان چارٹرڈ پروازوں کی بحالی کا خیر مقدم کیا۔

شہباز شریف نے میڈیکل یونیورسٹیوں میں 11 ہزار سے زائد پاکستانی طلباء کی میزبانی کرنے پر بھی کرغز صدر کا شکریہ ادا کیا۔

قومی خبریں سے مزید