• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے الیکٹرک سے یوٹیلٹی ٹیکس کی وصولی،عوامی ریفرنڈم ہوگا، جماعت اسلامی

کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے اعلان کیا ہے کہ کے الیکٹرک کے بلوں میں کے ایم سی یوٹیلٹی ٹیکس کی وصولی اور جعلی فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کے نام پر لوٹ مار کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی،شہریو ں نے کے الیکٹرک کی گاڑیوں میں کچرا ڈالنا شروع کر دیا، جماعت اسلامی کے تحت 24,23اور 25ستمبر کو شہر بھر میں اس حوالے سے ریفرنڈم کروایا جائے گا اور عوام سے رائے لی جائے گی کہ اگر سندھ حکومت اور کے ایم سی بجلی کے بلوں میں یوٹیلٹی چارجز ختم نہیں کرتی اور وفاق کی طرف سے فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر لوٹ مار اور دھوکہ دہی بند نہ کی گئی تو بجلی کے بل ادا کیے جائیں یا نہیں، عوام کا جو بھی فیصلہ ہو گا جماعت اسلامی اہل کراچی کے ساتھ کھڑی ہو گی اگر اسے سول نا فرمانی قرار دیا جائے گا تب بھی جماعت اسلامی عوام کے ساتھ مل اس صورتحال کا سامنا کرے گی۔ بجلی کے بلوں میں یوٹیلٹی ٹیکس ختم نہ کیا گیا تو حالات کی تمام تر ذمہ داری وزیر اعلیٰ پر عائد ہو گی۔ہم نے عدالتوں میں بھی کے الیکٹرک کے خلاف آئینی درخواستیں دائر کی ہوئی ہیں، امید ہے کہ عدالتوں سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ادارہ نور حق میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی کراچی راجہ عارف سلطان،سیکریٹری کراچی منعم ظفر خان، پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے صدر سیف الدین ایڈوکیٹ، کے الیکٹرک کمپلنٹ سیل کے نگراں عمران شاہد، ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات صہیب احمد بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ عوامی ریفرنڈم کے اختتام پر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید