• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی ٹیم بیٹنگ مسائل سے دوچار، اسکواڈ میں تبدیلی کا آپشن موجود ہے، محمد وسیم

چیف سلیکٹر محمد وسیم - فوٹو: فائل
چیف سلیکٹر محمد وسیم - فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم بیٹنگ مسائل سے دوچار ہے جنہیں حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اسی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں مختلف کمبی نیشن بنا رہے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اسکواڈ میں تبدیلی کا پلان نہیں لیکن آپشن ضرور موجود ہے۔ امید ہے فخر زمان فٹ ہوجائیں گے، اگر فٹنس مسائل برقرار رہے تو کچھ نام زیر غور ہیں۔

کراچی میں جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ 2022 کے فائنل اور انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں رہی۔ پاکستان ٹیم بیٹنگ مسائل سے دوچار ہے جس کے حل کے لیے کوشش کی جارہی ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ بھی اسی مسئلے کے حل کے لیے حالیہ سیریز میں مختلف کمبی نیشن بنا رہی ہے، بینچ اسٹرینتھ کو موقع دے رہے ہیں، ورلڈکپ قریب ہے دو لگاتار شکست سے وہ زیادہ پریشان نہیں ہیں۔

ورلڈ کپ اسکواڈ میں تبدیلی کے حوالے سے چیف سلیکٹر نے کہا کہ ابھی تک تبدیلی کا کوئی پلان نہیں ہے تاہم آپشن ضرور موجود ہے۔ انجریز کی وجہ سے بھی تبدیلی ہوسکتی ہے۔ فخر زمان ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ ہیں امید ہے وہ جلد انجری سے نجات پالیں گے لیکن اگر وہ ورلڈ کپ تک فٹ نہ ہوئے تو کچھ نام زیر غور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صائم ایوب اور شرجیل ہماری 18 کھلاڑیوں میں ہیں لیکن 15 میں نہیں۔ ضروری نہیں اوپنر کی جگہ اوپنر کا ہی انتخاب کریں کچھ نام ہیں جو ان کی نظر میں ہیں۔

محمد وسیم کا کہنا تھا کہ ابھی یقین سے کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ ہم کیا کرسکتے ہیں اور کیا نہیں؟ امید ہے جو کھلاڑی منتخب ہوئے وہ اچھی پرفارمنس ضرور دیں گے کیونکہ ابھی صرف ایک میچ ہوا ہے۔

محمد وسیم نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی پچز کے حوالے سے کہا کہ پچز اچھی ہیں، ہمیشہ سے کراچی کی وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار ہوتی ہے اور اسپنر کو مدد بھی دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں ورلڈکپ ضرور ہے لیکن ایسا نہیں کہ یہاں کھیل کر تیاری کا موقع نہیں ملے گا۔ کنڈیشن اپنی جگہ اہمیت رکھتی ہے لیکن ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کا مومنٹم بنانے کے لیے جیت بھی بہت اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔

چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ کرکٹرز ان کی سلیکشن پر اور خود ان پر جتنا چاہیں تنقید کریں کیونکہ سب کی اپنی رائے ہوتی ہے لیکن برا جب لگتا ہے کہ کرکٹر نام لے لے کر کھلاڑیوں کو نشانہ بناتے ہیں، ہر کھلاڑی کی عزت ہوتی ہے اور سب سے بڑھ کر ملک کی عزت ہوتی ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید