اوکاڑہ کینٹ(نمائندہ جنگ) اوکاڑہ میں پیپلزپارٹی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ غیر قانونی طور پرپیسہ ایک ملک سے دوسرے ملک لے جانا ہی منی لانڈرنگ ہے۔اسی بات کے الزامات پانامالیکس میں وزیر اعظم کی فیملی پر ہیں،عوام چاہتے ہیں وزیر اعظم ان سوالات کا جواب دیں جو ان پر کرپشن کے حوالے سے اٹھائے جا رہے ہیں۔پیپلز پارٹی کے سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری چوہدری سجاد الحسن کے زیر اہتمام اوکاڑہ میں اوور ہیڈ بریج کے ساتھ عوامی جلسہ منعقد ہوا۔طویل عرصے کے بعد ہونے والی پیپلز پارٹی کی اس سیاسی سرگرمی میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ ہم تو موسم گرما میں لوڈشیڈنگ تین ہزارشارٹ فال کی وجہ سے کرتے تھے ۔لیکن ن لیگ تو سردیوں گرمیوں میں لوڈ شیڈنگ کر رہی ہے۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منطور احمد وٹو نے کہا کہ پانامالیکس میں وزیر اعظم اور انکی فیملی پر جو الزامات لگے ہیں اسکا جواب ہر صورت دینا پڑے گا۔اب چکنی چپڑی باتوں سے جان نہیں چھوٹے گی۔جلسہ سے پیپلز پارٹی کے سابق ممبران قومی اسمبلی چودھری منظور احمد، ندیم افضل چن،رانا فاروق سعید خان،رائے غلام مجتبیٰ کھرل، چودھری سجاد الحسن راہنماؤں چودھری محمد اشرف سنگوکا،چودھری فاروق اشرف سنگوکا،آصف خان بلوچ،اظہار الحق طور ،رانا عبد الرحمان و دیگر نے خطاب کیا۔اس سے قبل اوکاڑہ میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور میاں ،منظور احمد وٹو کے سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری چودھری سجاد الحسن کی رہائش گاہ پہنچنے پر جیالوں نے شاندار استقبال کیا۔