لوئیس ویل(اے ایف پی، جنگ نیوز)سابق ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپئن محمد علی کے خاندان کے ترجمان نے کہا ہے کہ ان کی تدفین جمعہ کو ان کے آبائی گائوں لوئیس ویل میں کی جائے گی جس میں دنیا بھر کو شرکت کی دعوت ہے ، شہرۂ آفاق شخصیت محمد علی ہفتے کو 74برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے،ان کے خاندان کے ذرائع نے کہا ہے کہ ان کا انتقال نامعلوم قدرتی وجوہات سے ہونے والے سیپٹک شاک سے ہوا،سیپٹک شاک میں مریض کا بلڈ پریشر کسی انفیکشن کے باعث خطرناک حد تک گر جاتا ہے، محمد علی کے خاندان کے ترجمان باب گنیل نے کہا کہ وہ ساری دنیا کے شہری تھے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد ان کے جنازے میں شرکت کر سکیں،محمد علی کا جسد خاکی آج رات ان کے آبائی گائوں منتقل کی جائیگی جہاں پہلے سے ہی ان کے مداحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ، لوگوں نے ان کے گھر کے باہر ان کی یاد میں گلد ستے بھی رکھے ہیں ،دوسری جانب پاکستان سمیت دنیا بھر میں محمد علی کی یاد میں دعائیہ تقاریب منعقد کی گئیں جبکہ تعزیتی پیغامات کا سلسلہ بھی جاری ہے ، سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے ایک تقریب میں محمد علی کو خراجِ عقید ت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے ساری زندگی مذہبی اور سیاسی اعتقاد کے ساتھ گزاری جس کی وجہ سے انھیں چند کڑے فیصلے بھی کرنے پڑے اور انھیں ان کے نتائج برداشت کرنا پڑے،مشہور فٹبالر پیلے نے کہا کہ کھیل کی دنیا کو عظیم نقصان ہوا ہے،معروف پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے محمد علی کو خراج تحسین پیش کیا ، انہیں خراج تحسین پیش کرنے والوں میں باکسنگ کی دنیا کے مشہور نام مائیک ٹائسن اور فلوئڈ مے ویدر کے علاوہ گالف کے عالمی چیمپئن ٹائیگر وُڈز بھی شامل ہیں، محمد علی کو کرکٹ کا بھی شوق تھا، دریں اثنا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر کرکٹرز نے بھی عظیم باکسر کو خراج عقیدت پیش کیا ہے،سابق کپتان شاہد آفریدی نے انھیں سب کا ہیرو قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ سبکے لیے مشعل راہ تھے۔ ٹیسٹ ٹیم کے قائد مصباح الحق نے کہا کہ محمد علی حقیقی چیمپئن تھے، محمد حفیظ نے ان کو عظیم سپورٹس مین قرار دیا، احمد شہزاد نے کہا کہ انھوں نے ہمیں سکھایا کہ کس طرح اپنی انفرادیت قائم رکھنے کے باوجود عروج حاصل کرسکتے ہیں، سابق کرکٹر ثقلین مشتاق نے کہا کہ سب سے بڑا سچ یہی ہے کہ ایک دن ہم سب کو اس دنیا کو چھوڑ کر چلے جانا ہے، خدا انھیں جنت میں اعلی مقام عطا کرے،سابق بھارتی بیٹسمین سچن ٹنڈولکر نے کہا کہ محمد علی میرے بچپن کے ہیرو ہیں، میرے دل میں ہمیشہ ان سے ملاقات کی خواہش رہی جو اب کبھی پوری نہیں ہو سکے گی، یوراج سنگھ نے بھی انھیں حقیقی چیمپئن قرار دیا، انگلینڈ کے مائیکل وان نے کہا کہ وہ اپنی نوعیت کے واحد اور عظیم انسان تھے، جنوبی افریقی پیسر ڈیل اسٹین نے نیلسن منڈیلا کے ساتھ عظیم باکسر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ دو متاثر کن افراد جو دوسروں کے حقوق کیلئے جدوجہد کرتے رہے، آئیں ان کا مشن آگے بڑھائیں۔ ہاشم آملا نے لکھا کہ وہ ایک عظیم انسان اور استاد تھے جنھیں دنیا بھر میں محبت دی جاتی ہے۔