• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم اورنگزیب سے بدتمیزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی، عطا تارڑ

اسکرین گریب
اسکرین گریب

وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ مریم اورنگزیب کے ساتھ برطانیہ میں جو واقعہ پیش آیا اس کی مذمت کرتا ہوں، میں نے ایک درخواست تیار کی ہے جو آج وزارت داخلہ میں جمع کرواؤں گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ ویزے کے حصول کے لیے وزارت داخلہ ایک کریکٹر سرٹیفکیٹ جاری کرتی ہے، اس طرح کے واقعات میں ملوث افراد کے کریکٹر سرٹیفکیٹ بھی منسوخ کیے جائیں گے۔

عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے خلاف جو ٹرینڈ چل پڑا ہے وہ ناقابل قبول ہے، اس پر مکمل کارروائی ہو گی، ایسے افراد کے پاکستانی پاسپورٹ بھی کینسل کریں گے، ہم نے اپنے کارکنوں کی حوصلہ افزائی کی تو پھر آپ بھی گھر سےنہیں نکل سکیں گے، ایسے اقدامات ہوں گے تو پتہ چل جائے گا کہ کیسے نہتی خاتون کو گھیر کر نشانہ بنایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم انتہائی کامیاب دورے سے واپس آئے ہیں، انہوں نے پاکستان کا مقدمہ اقوام متحدہ اور بیرونی دنیا کے سامنے رکھا، شہباز شریف نے پوری دنیا کو باور کرایا کہ ماحولیاتی آلودگی میں ہمارا کردار بہت کم ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم نے کشمیر کا مقدمہ بھی خوبصورتی اور بھرپور طریقے سے پیش کیا، انہوں نے بین الاقوامی دنیا کو باور کرایا کہ کشمیر پر بھارتی تسلط کی پالیسی قابل قبول نہیں، وزیرِ اعظم آج پھر سیلاب متاثرین کے پاس جائیں گے، اسحاق ڈار کے آنے اور وزیرِ اعظم کے دورے سے معیشت بہتر ہو گی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ پنجاب حکومت زیادہ دن نہیں چلے گی، ان کے دن گنے جا چکے ہیں، مسلم لیگ ن کی حکومت پنجاب میں جلد آئے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا موجودہ اجلاس گزشتہ چار ماہ سے جاری ہے، پرویز الہٰی کو خدشہ ہے کہ اجلاس ملتوی ہوا تو گورنر انہیں اعتماد کا ووٹ لینے کا کہیں گے۔

وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے ایک دن کے اخراجات ایک کروڑ روپے ہیں، خود اندازہ لگا لیں کہ اب تک چار ماہ میں کتنا خرچ ہوا ہے، پرویز الہٰی خوفزدہ ہیں کہ پنجاب یونیورسٹی جا کر ہمارے دور کا پروگرام ری لانچ کیا جاتا ہے، وہاں امریکا اور پاکستان کی فوج کے خلاف نعرے لگتے ہیں۔

عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ پہلے وزراء کو گاڑیاں لے کر دی گئیں، اس پر 30 کروڑ روپے خرچ ہوئے، سوا ارب سے زائد کی گاڑیاں خرید رہے ہیں، آپ کے سیکریٹری 18 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ لے رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید