چیئرمین پی ٹی آئی، عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کے ساتھ لندن میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعے سے متعلق ایک ’بریکنگ نیوز‘ دی ہے۔
ریحام خان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ’بریکینگ نیوز! مریم اورنگزیب کو لندن میں ہراساں کرنے والوں 14 افراد کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ معطل کرنے کا فیصلہ‘۔
ریحام خان کے اس دعوے سے متعلق تاحال کسی لندن یا پاکستانی ادارے کی جانب سے کوئی تصدیقی یا تردیدی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کو لندن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان نے ایک کافی شاپ میں گھیر لیا تھا۔
اس دوران پی ٹی آئی کے مرد اور خواتین نے مریم اورنگزیب پر پاکستانی عوام کا پیسہ لندن میں ٹانے کا الزام لگانے سمیت مغلظات بھی بکی تھیں۔