حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں پاکستان کا قرض 1350 ارب کم ہوگیا ہے۔
سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھانے کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس میں گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے کہا کہ کل رات پہنچا ہوں تو ڈالر کی قدر میں 10 روپے کی کمی رونما ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں روپے کی قدر مصنوعی طور پر گری ہوئی ہے، یہ صورتحال ہمارے مسائل میں شامل ہے۔
قبل ازیں سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ مہنگائی بہت زیادہ بڑھ گئی ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز پر بڑھتی قیمتیں بھی مسائل میں شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نہ ماضی میں پاکستانی روپے کو یرغمال بننے دیا نہ آئندہ بننے دیں گے، پچھلے بل میں مزید تبدیلی ہونی چاہیے۔
اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ 1999میں ڈالر کے فکس ریٹ کو مارکیٹ بیس کیا تھا، ہنڈی والے پاکستانی روپے کو یرغمال نہیں بنا سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کل رات پاکستان پہنچا، ڈالر میں 10 روپےکافرق پڑگیا ہے۔ جس کے بعد 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں پاکستان کے قرضے 1350ارب کم ہوگئے ہیں۔