وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان دھوکے باز شخص ہے، انہوں نے خیرات کے نام پیسے لے کر سیاست میں لگائے، وہ بد دیانت انسان ہے۔
اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہماری توجہ سیلاب سے تباہ حال افراد کی بحالی کی طرف ہے، ملک کی زراعت کو دوبارہ بحال کرنا ہے، موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان فوج کا ہیلی تباہ ہوتا ہے اور عمران شام کو فوج پر الزام لگاتا ہے، وہ ملک دشمن ایجنڈے پر چل رہا ہے، نارووال اسپورٹس سٹی ریفرنس خود ہائی کورٹ نے ختم کیا، عمران حکومت ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت نہیں کر سکی۔
پی ٹی آئی دور جتنی کرپشن کسی دور میں نہیں ہوئی، احسن اقبال
احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران نیازی حکومت کی جانب سے مسلم لیگ ن کی کردار کشی کی گئی، پی ٹی آئی کی حکومت میں جتنی کرپشن ہوئی اس سے زیادہ کسی دور میں نہیں ہوئی، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق اس دوسر میں پاکستان تنزلی کا شکار ہوا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک تہائی پاکستان سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے، عمران نیازی کے سینے میں پتہ نہیں کیسا دل ہے جو اپنی سیاست چمکانے میں لگا ہے، ایک ایک جلسے میں 50، 50 کروڑ روپے لگا رہا ہے، اگر یہی پیسہ عوام پر خرچ کرتا تو دو اضلاع کو ٹھیک کیا جا سکتا تھا، سیلاب کی مد میں فنڈ اکٹھا کر کے جلسے میں لگا رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ شوکت خانم کے لیے فنڈز جمع کر کے کہیں اور استعمال کیے گئے، عمران خان کہتا ہے کہ امریکی مراسلے کی تحقیقات ہوں تو اسمبلی آؤں گا، تمام ایجنسیوں، وزارت خارجہ، سپریم کورٹ نے کہہ دیا کہ اس مراسلے میں کچھ نہیں، عمران خان کیا غیر ملکی ایجنسیز سے تحقیقات کرانا چاہتے ہیں؟
مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا ہےکہ عمران نیازی کو ملکی اداروں پر اعتماد نہیں، ایٹمی طاقت کسی کی غلام نہیں ہوتی، آپ قوم کے نوجوانوں کو کیا سکھا رہے ہوں کہ ہم غلام ہیں، عمران خان اپنے نفس اپنی سوچ کا غلام ہے، کس آزادی کی بات کرتے ہو۔
لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ آڈیوز لیک ہونا ایک اہم معاملہ اور ریاست کے لیے چیلنج ہے، جس کی تحقیقات ہوں گی، یہ ریاست کے لیے ٹیسٹ کیس ہے۔