• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پانچواں ٹی 20: پاکستان نے انگلینڈ کو 6 رنز سے ہرادیا

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان نے انگلینڈ کو پانچویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں 6 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-3 کی برتری حاصل کرلی۔ 

پاکستان کی جانب سے دیے گئے 146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بناسکی۔

انگلینڈ کے کپتان معین نے میچ کو سنسنی خیز بنادیا، انہوں نے 37 گیندوں پر 51 رنز بنائے، لیکن اپنی ٹیم کو جیت نہیں دلواسکے۔ 

مہمان ٹیم کو جیت کے لیے آخری اوور میں جب 15 رنز درکار تھے، تو ڈیبیو کرنے والے عامر جمال نے منصوبے کے مطابق معین علی جیسے کھلاڑی کو بڑی شاٹ کھیلنے سے روکے رکھا اور صرف 8 رنز دیے۔ 

تمام ہی پاکستانی بولرز نے ہدف کا دفاع کرنے میں اپنا کردار ادا کیا اور تمام ہی گیند باز وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ 

حارث رؤف اس میچ میں دیگر بولرز کے نسبت مہنگے ثابت ہوئے، تاہم انہوں نے چار اوورز کے کوٹہ میں 41 رنز دے کر 2 بھی وکٹیں حاصل کیں۔

ان کے علاوہ محمد نواز، شاداب خان، افتخار احمد، عامر جمال اور محمد وسیم جونیئر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 

انگلینڈ کی جانب سے کپتان معین علی کے علاوہ ڈاؤڈ ملان 36 اور سیم کرن 17 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں بلے باز رہے۔ 

فوٹو بشکریہ پی سی بی / ٹوئٹر
فوٹو بشکریہ پی سی بی / ٹوئٹر

پاکستان کی اننگز:

خیال رہے کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

قومی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی جہاں 17 کے مجموعے پر بابر اعظم کی صورت میں بڑا نقصان اٹھانا پڑا، جو ایک مرتبہ پھر مارک ووڈ کی تیز گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے 9 رنز بنائے تھے۔ 

نوجوان بلے باز شان مسعود 7 اور حیدر علی 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ 

تین اہم وکٹیں گنوانے کے باوجود اوپننگ بلے باز محمد رضوان دوسری جانب رنز بناتے رہے، ان کا ساتھ افتخار احمد نے دیا جنہوں نے 15 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

افتخار احمد 81 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے تو ان کے بعد آنے والے آصف علی 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ محمد نواز صفر اور شاداب خان 6 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ 

قومی ٹیم 100 رنز پر 7 وکٹوں سے محروم ہوگئی تو ڈیبیو کرنے والے عامر جمال نے 10 رنز کے ساتھ نہ صرف رضوان کا ساتھ دیا بلکہ ٹیم کے اسکور کو 118 رنز تک پہنچایا۔  

محمد رضوان نے 46 گیندوں پر 63 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور 131 کے مجموعے پر خود بھی پویلین لوٹ گئے۔ 

پاکستان کی آخری جوڑی نے 14 رنز کا اضافہ کیا جہاں 145 کے مجموعے پر 19ویں اوور کی آخری گیند پر حارث رؤف کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

انگلینڈ کی جانب سے ایک مرتبہ پھر مارک ووڈ دردِ سر بنے رہے، انہوں نے اپنے 4 اوورز کے کوٹہ میں محض 20 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں لیں۔ 

ان کے علاوہ سیم کرن اور ڈیوڈ ولی نے دو دو جبکہ کرس ووکس نے ایک وکٹ لی۔ 

مین آف دی میچ: 

پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو ذمہ دارانہ بیٹنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 

پلیئنگ الیونز:

پاکستان کی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ انگلینڈ نے اس میچ کے لیے 4  تبدیلیاں کیں۔

قومی ٹیم میں خوشدل کی جگہ حیدر علی کو شامل کیا گیا، عثمان قادر کی جگہ شاداب خان جبکہ محمد حسنین کو آرام دے کر عامر جمال کو ٹیم میں شامل کیا گیا جہنوں نے اپنا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ڈیبیو کیا۔ 

انگلینڈ کی ٹیم میں مارک ووڈ، سیم کرن، ڈاؤڈ ملان اور کرس ووکس کی واپسی ہوئی تھی۔ 

قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں جبکہ محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، آصف علی، حیدر علی، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاداب خان، حارث رؤف اور عامر جمال پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔

مہمان ٹیم کی قیادت معین علی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فل سالٹ، ایلکس ہیلز، ڈاؤڈ ملان، بین ڈکِٹ، ہیری بروک، سیم کرن، کرس ووکس، ڈیوڈ وِلی، عادل رشید اور مارک ووڈ شامل تھے۔ 

گزشتہ نتائج:

سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے زیر کیا تھا، دوسرے میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو 10 وکٹوں سے ہرایا۔

سیریز کے تیسرے میچ میں ایک مرتبہ پھر انگلینڈ کامیاب رہا اور اس نے یہ میچ 63 رنز سے جیتا جبکہ چوتھے مقابلے میں پاکستان نے ہاری بازی جیت کر سیریز 2-2 سے برابر کردی تھی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید