وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی آئی ایم ایف مشن چیف ناتھن پورٹر سے ورچوئل ملاقات ہوئی ہے۔ وزیر خزانہ نے سیلاب سے انفرااسٹرکچر اور فصلوں کے نقصانات پر معاشی صورتحال سے آگاہ کیا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت کا مقصد اسٹرکچرل مسائل حل کرنا ہے، اسٹرکچرل مسائل کے حل سے پاکستان مالیاتی خسارہ ختم کرکے پائیدار ترقی کی طرف بڑھ سکے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی دورہ امریکا میں ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات ہوئی، ایم ڈی آئی ایم ایف نے سیلاب کی مشکل صورتحال میں پاکستان کا ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم ڈی آئی ایم ایف نے پروگرام کی شرائط پر نظرثانی کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔
مشن چیف آئی ایم ایف ناتھن پورٹر نے اسحاق ڈار کو وزارت خزانہ کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
ناتھن پورٹر نے معیشت کو درپیش چیلنجوں کے بارے میں آئی ایم ایف کے جائزے سے آگاہ کیا۔
وزیر خزانہ نے عالمی معیشت کے لیے مشکل وقت میں آئی ایم ایف کی حمایت پر اظہار تشکر کیا۔