وزیراعظم شہباز شریف سے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور نقصانات پر اظہار ہمدردی کیا۔
اسلام آباد سے جاری سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے مشکل گھڑی میں مصری حکومت کی حمایت اور یکجہتی کے اظہار کو سراہا۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی امداد پر مصری صدر اور عوام سے اظہار تشکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثرہ ملکوں میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ زہریلی گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ 1 فیصد سے بھی کم ہے۔ انہوں نے مصری صدر کو سیلاب سے اموات، انفرااسٹرکچر اور فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ لاکھوں متاثرین کی بحالی، تعمیر نو اور معاشی اثرات سے نمٹنے کے لیے بےپناہ وسائل درکار ہیں۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے خطے کے امور بھی تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔