وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے متاثرین سیلاب کو امدادی رقم کی ادائیگی آسان بنانے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد میں اسحاق ڈار کی زیر صدارت سیلاب متاثرین کی امداد سے متعلق اجلاس ہوا، وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ متاثرین کو امدادی رقم کا ادائیگی آسان بنائی جائے۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، سیکریٹری خزانہ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اعلامیے کے مطابق اسحاق ڈار نے سیلاب متاثرین کو امدادی رقوم کی ادائیگی میں بدعنوانی پر تشویش کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ متاثرین کو جلد از جلد شفاف طریقے سے رقوم کی ادائیگی کی جائے۔
سیکریٹری بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے شرکاء کو بریفنگ میں بتایا کہ 90 فیصد سیلاب متاثرین کو امدادی رقم ادا کردی گئی ہے جبکہ باقی کو بھی آئندہ 5 روز میں رقم ادا کردیں گے۔
بریفنگ میں اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ متاثرین سیلاب کی شکایات کو دور کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جارہے ہیں۔
وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ تمام ڈسٹری بیوشن پوائنٹس پر کیش کی دستیابی کو ہر صورت ممکن بنایا جائے۔