• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولینڈ نے جرمنی سے دوسری جنگ عظیم میں پہنچنے والے نقصان کی مد میں 1.2؍ ٹریلین ڈالرز ہرجانہ طلب کر لیا

کراچی (نیوز ڈیسک) دوسری جنگ عظیم کے دوران جانی و مالی نقصانات کے ہرجانے کے طور پر پولینڈ نے جرمنی سے 1.2؍ ٹریلین (1200؍ ارب) ڈالرز کا مطالبہ کر دیا ہے، اس ضمن میں پولینڈ کے وزیر خارجہ زبنیو رائو نے جرمنی کو سفارتی مراسلہ بھیجا ہے جس میں نازی جرمنی کے حملے اور قبضے کی وجہ سے ہونے والے نقصانات پر ہرجانہ طلب کیا گیا ہے۔ تاہم، جرمنی کی جانب سے پولینڈ کے اس مطالبے کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ زبنیو رائو کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کو چاہئے کہ وہ مل بیٹھ کر مستقل، جامع اور حتمی قانونی معاہدہ کر لیں، اس معاہدے کی وجہ سے تاریخ کا درد ناک باب اپنے انجام کو پہنچے گا بلکہ باہمی تعلقات بھی بہتر ہوں گے۔ پولینڈ میں پارلیمنٹ نے جرمنی سے 1.2؍ ٹریلین ڈالرز ہرجانہ طلب کرنے کی منظوری دی۔ وزیر خارجہ منگل کو جرمن وزیر خارجہ کے دورۂ پولینڈ کے موقع پر یہ معاملہ اٹھائیں گے۔ تاہم، جرمنی کا کہنا ہے کہ 1953ء میں مشرقی جرمنی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی رو سے پولینڈ ہرجانے کے دعوے سے دستبردار ہو چکا ہے لہٰذا یہ معاملہ1990ء میں جرمن اتحاد کے بعد ہمیشہ کیلئے طے ہو چکا ہے، اس معاہدے پر مشرقی و مغربی جرمنی کے ساتھ امریکا، سوویت یونین، برطانیہ اور فرانس نے دستخط کیے تھے۔ لیکن پولینڈ کا اصرار ہے کہ اس نے اس معاہدے پر دستخط ماسکو کے دبائو میں آ کر کیے تھے۔

دنیا بھر سے سے مزید