اسلام آباد پولیس نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کی گرفتاری کیلئے آنے والی اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم کو واپس بھجوا دیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ رانا ثناء اللّٰہ کے وارنٹ گرفتاری پر ایڈریس فیصل آباد کا ہے۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ تھانہ کوہسار کی حدود میں نہیں رہتے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانہ سیکریٹریٹ نے اینٹی کرپشن ٹیم سے وارنٹ گرفتاری کا تمام ریکارڈ لانے کا تقاضا کیا۔
ذرائع کے مطابق تھانہ سیکریٹریٹ پولیس نے اینٹی کرپشن کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ مکمل ریکارڈ لے آئیں ہم تعاون کریں گے، اینٹی کرپشن ٹیم ریکارڈ نہیں لائی اس لیے ابھی کوئی کارروائی نہیں کی جا سکتی، جس کے بعد اینٹی کرپشن کی ٹیم تھانہ سیکریٹریٹ سے روانہ ہوگئی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کی گرفتاری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے۔
رانا ثناء اللّٰہ کے وارنٹس اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے جاری کیے گئے۔
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن نے رانا ثناء کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے، وارنٹ گرفتاری اینٹی کرپشن انکوائری میں حاضر نہ ہونے پر جاری ہوئے ہیں۔
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ رانا ثناء کے ناقابل ضمانت وارنٹ مقدمہ نمبر 20/19 میں جاری ہوئے ہیں۔