• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخوپورہ میں 8 افراد کا قتل، غفلت برتنے پر SHO سمیت 5 اہلکار معطل

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

شیخوپورہ کے نواحی گاؤں میں 8 افراد کے قتل کے واقعے میں غفلت برتنے پر تھانہ نارنگ کے ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار معطل کر دیے گئے۔

ایس ایچ او اور دیگر اہلکاروں کو ابتدائی انکوائری کے بعد معطل کیا گیا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے لندن سے آئی جی پولیس فیصل شاہکار سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور کہا کہ متعلقہ ایس ایچ او اور اہلکار پہلے واقعے پر کارروائی کرتے تو یہ واقعہ پیش نہ آتا۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ ایس ایچ او اور اہلکاروں نے سنگین غفلت کا بدترین مظاہرہ کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ پولیس کی روایتی سستی اور غفلت سے 8 بے گناہ افراد کی جان چلی گئی، غفلت کے ذمے دار اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جائے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے آئی جی کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے، آئی جی پنجاب ذاتی نگرانی میں افسوس ناک واقعے کی تفتیش کرائیں۔

آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو واقعے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق ملزم فیض نے تیز دھار آلے اور راڈ سے سڑکوں اور کھیتوں میں سوئے 8 افراد کو قتل کیا، ملزم فیض کا میڈیکل معائنہ کرایا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزم فیض نے قتل کے واقعے سے 2 روز قبل بھی 2 شہریوں کو زخمی کیا تھا، تھانہ نارنگ کے پولیس اہلکاروں نے اطلاع ملنے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی۔

قومی خبریں سے مزید