اقوام متحدہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو ماحولیاتی تبدیلیوں اور مسائل کے حل سے متعلق تنظیم (سی۔او۔پی۔27) کی گول میز کانفرنس کی نائب صدارت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے 195 ممالک میں سے پاکستان کو یہ اعزاز ملا ہے، 'سی۔او۔پی۔27' کی صدارت اس وقت مصر کے پاس ہے۔
'کانفرنس آف پارٹیز' (سی۔او۔پی۔27) کی طرف سے اجلاس کے دوران نائب صدارت پاکستان کے لئے بڑا عالمی اعزاز ہے۔
مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے وزیراعظم شہباز شریف کو "سی۔او۔پی۔27" اجلاس کی مشترکہ صدارت کی دعوت بھی دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف، ناروے کے وزیراعظم، مصر کے صدر گول میز کانفرنس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
'کانفرنس آف پارٹیز' (سی۔او۔پی۔27) کا اجلاس شرم الشیخ، مصر میں نومبر میں منعقد ہوگا۔
اجلاس میں عالمی سربراہان، حکومتوں کے سربراہ، عالمی مالیاتی اداروں اور تھنک ٹینکس کے ذمہ دار شرکت کریں گے۔
وزیراعظم عالمی رہنماؤں، سربراہان مملکت اور عالمی مالیاتی اداروں کے ذمہ داران سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
اقوام متحدہ کے زیراہتمام ماحولیاتی تبدیلیوں کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے یہ 27 واں اجلاس ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پراثر آواز پر انہیں یہ منصب دیا گیا ہے۔
حالیہ سیلاب کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس۔سی۔او) کے سربراہان مملکت و حکومت کی کونسل اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں ماحولیاتی تبدیلیوں پر موثر آواز اٹھائی تھی۔
ماحولیاتی تبدیلیوں کے مسئلہ کو 'ایس۔سی۔او' تنظیم کی سطح پر اٹھانے کی وزیراعظم شہباز شریف کی تجویز کی دیگر ممالک نے تائید کی تھی۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت اور حکومت کی کونسل کا اجلاس 15 سے 16 ستمبر کو سمرقند میں ہوا تھا۔