چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ سارے چور مجھے عوام کی نظروں میں گرانا چاہتے ہیں، مخالفین میری گندی گندی وڈیو تیار کر رہے ہیں۔
ننکانہ صاحب میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سارے چور جمع ہوکر کسی نہ کسی طرح انہیں اور ان کی پارٹی کو عوام کی نظروں میں گندا کرنا چاہتے ہیں، یہ گندی گندی ویڈیو تیار کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیپ فیک ویڈیو عوام کو دکھائیں گے، یہ خود کو بچانے کے لیے گند اچھال رہے ہیں پھر بھی اپنے آپ کو نہیں بچاسکیں گے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ وزیراعظم آفس اور اس کے گھر کی سیکیور لائن کس نے ٹیپ کی اور کس نے لیک کی، اس معاملے پر عدالت جارہے ہیں تاکہ پتا لگائیں کہ کونسی ایجنسی یہ سب کررہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جھوٹے مقدمے کیے جارہے ہیں، چیلنج کرتے ہیں جو بھی کریں مگر اس سیلاب کو نہیں روک سکتے۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ہماری حکومت اس لئے گرائی گئی کہ کسی کی غلامی کے لیے تیار نہیں تھے، حکومت کا شکریہ کہ سائفر کو سامنے لایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کمیشن ضرور بنے گا لیکن آپ نہیں بنائیں گے، جب بھی کمیشن بنے گا حقیقت سب کے سامنے آئے گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ سمجھ ہی نہیں سکتے عوام آج ہمارے ساتھ کھڑی ہے، یہ خوف میں ہر قسم کے حربے استعمال کریں گے آپ تیار رہیں، میں کال دوں گا آپ تیار رہیں۔