• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزراء سیلاب فنڈ پر ہاتھ صاف کرنے کو تیار بیٹھے ہیں، خرم شیر زمان

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کے فنڈز پر صوبائی وزراء ہاتھ صاف کرنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار خرم شیر زمان نے پی ٹی آئی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

پی ٹی آئی اجلاس میں علی جی جی، ڈاکٹر سنجے، شہزاد قریشی، ادیبہ حسن اور عباس جعفری بھی موجود تھے۔

میڈیا سے گفتگو میں خرم شیر زمان نے کہا کہ صوبائی حکومت معاملات اپوزیشن سے چھپا رہی ہے، کیا وجہ ہے؟ ہر فیصلے اور اقدام کی پردہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے حالات حکومت کے لیے شرمناک اور عوام کے لیے درد ناک ہیں جبکہ وزراء سیلاب متاثرین کے فنڈز پر ہاتھ صاف کرنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔

پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر نے مزید کہا کہ اسمبلی اجلاس کے لیے درخواست جمع کروائی لیکن ان کی درخواستیں ہر بار خارج کردی جاتیں ہیں۔

خرم شیر زمان نے یہ بھی کہا کہ بتایا جائے کہ سیلاب کا پیسہ کہاں اور کس حکمت عملی سے خرچ ہو رہا ہے، اپوزیشن سے معاملات چھپائے جارہے ہیں، ہر فیصلے اور اقدامات کی پردہ داری ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان اور بلدیاتی مسائل بگڑتے جارہے ہیں، سڑکیں تباہ ہیں اور پانی کی تقسیم کا عمل بدحال ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ٹینکر مافیا اور حکومت کا گٹھ جوڑ ہے مضر صحت پانی بیچا جارہا ہے، کراچی میں نیگلیریا کا مرض بڑھنے کی خدشات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی تیزی سے پھیل رہا ہے اور حکومت کے پاس کسی بھی مسائل پر قابو پانے کا حل نہیں ہے۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ پرامید ہیں کہ اس بار درخواست پر غور و فکر کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسمبلی اجلاس بلایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کا ہر وزیر صرف عمران خان کی بات کرتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید