پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ امریکا کون ہوتا ہے ہمارے ایٹمی اثاثوں پر بات کرنے والا، ہم نے ایٹمی قوت پاکستان کی ریاست کے دفاع کے لیے حاصل کی ہے، کسی پر جارحیت کے لیے نہیں۔
اسلام آباد میں مفتی محمود کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سیاست اقتدار تک رسائی کے لیے چالاکیوں کا نام نہیں ہے، سیاست ایک مقدس فریضہ ہے، قرآن و سنت کے منافی قانون باقی نہیں رہ سکتا۔
فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان نے اسرائیل اور بھارت سے پیسے لیے، ثابت ہوگیا عمران خان نے غیر ملکی فنڈنگ لی، ایک چور بیرونی فنڈنگ لے کر ہضم کر گیا، ایک شخص اپنے خلاف فیصلہ آنے پر اداروں کو برا بھلا کہتا ہے، دوسروں کو چور کہنے والا خود سب سے بڑا چور ہے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے بھارت، اسرائیل اور امریکا سے پیسا لیا اور ہڑپ کرگئے، آپ نے پیسے ہڑپ کیے یہ ہم نے الزام نہیں لگایا ادارے نے ثابت کیا۔
فضل الرحمان نے مزید کہا کہ اب الیکشن کمیشن کو گالیاں مل رہی ہیں، اگر الیکشن کمیشن آر ٹی ایس بند کر کے آپ کو کامیابی دلائے تو الیکشن کمیشن ٹھیک ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب تو وہ خود کہتا ہے کہ میرا کوئی اختیار نہیں تھا، اب کہہ رہا ہے میں تو ویسے ہی اسٹیئرنگ پر بیٹھا تھا گاڑی تو کوئی اور چلا رہا ہے، اب تو ان کا اپنا صدر مملکت کہہ رہا ہے کہ کوئی سازش نہیں ہوئی، کاغذ اٹھایا اور کہا یہ سازش ہے، کاغذ سازش ہوتی ہے؟ ان کا اپنا صدر مملکت کہہ رہا ہے کہ یہ حواس باختہ ہو چکا ہے، آپ کا اپنا صدر کہتا ہے کہ اپنی باتوں کا جواب وہ خود دیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم انتقامی سیاست کرتے تو نیب قانون میں 90 دن کی گرفتاری ختم نہ کرتے۔