• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار اور گورنر اسٹیٹ بینک نے ہالینڈ کی ملکہ میکسیما سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں مالیاتی شمولیت اور مساوی بینکاری پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار اور ہالینڈ کی ملکہ میکسیما کی جانب سے زیرِ بحث موضوعات میں تیزی سے پیش رفت حاصل کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ایم ڈی انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن سے ملاقات

وزیرِ خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر مختار ڈیوپ سے بھی ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیرِ خزانہ نے پاکستان میں نجی شعبے کی ترقی کو فروغ دینے میں آئی ایف سی کے کردار کو سراہا۔

وزیر ِخزانہ اسحاق ڈار نے تجارتی مالیات کے لیے آئی ایف سی کی شمولیت بڑھانے کے ممکنہ ذرائع پر تبادلۂ خیال بھی کیا۔

وزیرِ خزانہ نے اس سلسلے میں آئی ایف سی کو درکار تمام سہولتوں کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

مختار ڈیوپ نے وزیرِ خزانہ کو آئی ایف سی کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔

یہ ملاقاتیں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر ہوئی ہیں۔

اسحاق ڈار کی IMF کی MD سے ملاقات

وزیرِ خزانہ سینیٹر اسحاق ڈانے آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر سے بھی ملاقات کی جس میں ایم ای این اے پی وزرائے خزانہ اور گورنرز نے بھی شرکت کی۔

ملاقات کے دوران ایم ڈی آئی ایم ایف نے ماحولیاتی تبدیلی سمیت علاقائی معیشتوں کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی، پاکستان سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے فنڈ کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے ایم ڈی آئی ایم ایف کے جذبات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور درپیش چیلنجز کے باوجود فنڈز کا پروگرام مکمل کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

وزیرِ خزانہ کی DG کویت فنڈ سے ملاقات

وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے کویت فنڈ کے ڈی جی مروان عبداللّٰہ یوسف تھونیان الغانم سے ملاقات بھی کی۔

ملاقات کے دوران جاری منصوبوں اور سرمایہ کاری کے ممکنہ نئے شعبوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر ِخزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کویت فنڈکے تعاون کو سراہا۔

تجارتی خبریں سے مزید