• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جلسوں میں خاتون صحافیوں کو تنگ کرنے کے سوال پر عمران خان کا جواب

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان نے جلسوں میں خواتین صحافیوں کو تنگ کیے جانے کے سوال کا جواب دے دیا۔

اسلام آباد پریس کلب اور آر آئی یو جے وفد سے ملاقات میں صحافیوں نے عمران خان سے شعبہ صحافت اور صحافیوں سے متعلق سوالات کیے۔

دوران گفتگو عمران خان نے بتایا کہ صحافیوں کے ساتھ تعلق کرکٹ کے دور سے 40 سال پر محیط ہے۔

خاتون صحافی نے شکایت کی کہ پی ٹی آئی کے جلسے کور کرنے کےلیے خواتین جاتی ہیں تو آپ کے ورکرز تنگ کرتے ہیں۔

اس پر پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ورکرز کو اس سلسلے میں ضرور ہدایات دوں گا، اب دیکھیں غریدہ فاروقی ہجوم میں گھس جاتی ہے اور پھر کہتی ہے لوگ تنگ کرتے ہیں۔

ایک جرنلسٹ نے عمران خان سے استفسار کیا کہ آپ صحافیوں کو لفافہ صحافی کہتے ہیں؟ اس پر عمران خان نے جواب دیا کہ سلیم صافی کے سوا کسی صحافی سے متعلق ایسا کبھی کچھ نہیں کہا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا ٹرولنگ میں نہیں روک سکتا، یہ کسی کے قابو میں نہیں ہے۔

من پسند صحافیوں کو اپنی پریس کانفرنس میں بلانے کے سوال پر عمران خان نے جواب دیا کہ نہیں معلوم کون دیگر چینلز کو پریس کانفرنسز میں نہیں آنے دیتے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں صرف نجم سیٹھی پر میں نے کیس کیا ہے، جو ابھی تک چل رہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید