کنزرویٹو پارٹی کے رہنما رشی سونک برطانیہ کے پہلے ہندو وزیراعظم ہونے کے ساتھ ساتھ اس منصب کو سنبھالنے والے پہلے ایسے رہنما ہیں جن کے داد دادی کا تعلق پاکستان اور بھارت سے ہے۔
42 سالہ رشی سونک کے والدین پنجابی ہندو ہیں لیکن ان کے دادا دادی پاکستانی پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے تھے۔
یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ نئے برطانوی وزیراعظم بھارتی اور پاکستانی ہیں، البتہ مذہبی اعتبار سے وہ ہندو ہیں اور بھگوت گیتا پر حلف لیں گے۔
رشی سونک کے دادا رام داس سونک 1935 میں کلرک کی نوکری کے لیے گوجرانوالہ چھوڑ کر کینیا چلے گئے تھے۔
ان کی اہلیہ یعنی رشی کی دادی اپنی ساس کے ساتھ سہاگ رانی سونک پہلے گوجرانوالہ سے دہلی گئیں اور بعد ازاں 1937 میں اپنے شوہر کے پاس نیروبی چلی گئیں۔
رام داس اور سہاگ رانی کے چھ بچے تھے، جن میں تین بیٹے اور تین بیٹیاں تھیں۔
رشی سونک کے والد یشویر سونک نیروبی میں 1949 میں پیدا ہوئے، وہ 1966 میں برطانیہ کے شہر لیورپول آئے اور یونیورسٹی آف لیورپول سے طب کی تعلیم حاصل کی۔
یشویر نے 1977 کے دوران لیسٹر میں اوشا سے شادی کی، تین سال بعد دونوں کے یہاں ساؤتھمپٹن میں رشی سونک کی پیدائش ہوئی۔
ان کے والدین نے اپنی ریٹائرمنٹ تک ادویات کا کاروبار نہایت کامیابی کے ساتھ چلایا۔