پختون خوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی کو اچھا سمجھیں یا برا، انہیں کروڑوں لوگوں نے ووٹ دیا، انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 8 فروری کے انتخابات میں زر اور زور کی طاقت سے عوام کے مینڈیٹ کو چھینا گیا۔
محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی میں ایاز صادق نے پیپلز پارٹی کی حمایت سے آئین کی دھجیاں اڑائیں، اس ترمیم پر چھوٹے صوبوں کے بھی تحفظات تھے۔
انہوں نے سوال کیا کہ ایک، ایک ووٹ خریدنے کے لیے 70، 70 کروڑ روپے کہاں سے آئے؟
سربراہ پی کے میپ کا کہنا ہے کہ پاکستان بحران میں ہے، خطے کے امن کو خطرہ ہے، ہمیں یہ ملک اور اس ملک کی سالمیت عزیز ہے۔
محمود خان اچکزئی نے مزید کہا کہ دکی میں کوئلہ کان میں مزدوروں کو قتل کیا گیا، گاڑیاں جلائی گئیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک کی ایجنسیاں اتنی کمزور نہیں کہ ایک بچے کا پتہ نہ لگا سکیں کہ وہ کہاں ہے۔