وزیراعظم کے مشیر ملک احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت ارشد شریف کے قتل سے متعلق حقائق سامنے لانا چاہتی ہے اور قتل کی تحقیقات کسی سے بھی کروانے کو تیار ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ عمران خان کا ارشد شریف کو ملک سے جانے کا کہنا قابل تفتیش بات ہے، اس کی تحقیقات ہونی چاہیے، ارشد شریف کے معاملے کو سیاست کیلئے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
ملک احمد خان نے کہا کہ عمران خان مان چکے کہ انہوں نے ارشد شریف کو ملک سے باہر جانے کا کہا، شیریں مزاری اور عمران خان جو بات کر رہے ہیں ان کی تفتیش ہونی چاہیے۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ کینیا میں ارشد شریف کس کے پاس گئے، وہ فارم کس کا تھا گاڑی کس کی تھی؟
ملک احمد خان نے مزید کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم ارشد شریف کی فیملی کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کس کے کہنے پر ارشد شریف کو ملک سے باہر جانے کا کہا؟، ارشد شریف کے قتل کی تفتیش بہت ضروری ہے۔
ملک احمد خان نے کہا کہ لانگ مارچ کرنا چاہتے ہیں کریں، آپ کیا سمجھتے ہیں آپ نے پاکستان کی سیاست کو یرغمال بنا لیا۔